امریکی فوج نے مسلسل گیارہویں رات بھی ایران میں متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، جبکہ مختلف ایرانی شہروں میں دھماکوں کی اطلاعات کے بعد فضائی دفاعی نظام کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ کارروائیوں کا مقصد ایران کی ان فوجی صلاحیتوں کو محدود کرنا ہے جو آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی تجارتی جہاز رانی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی فضائی حملوں کا دائرہ بوشہر کے نواحی علاقوں تک پہنچ گیا ہے، جبکہ کرمانشاہ، بوشہر اور خوزستان میں بھی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔رپورٹس کے مطابق ناک اور سیریک کے علاقوں میں بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جس کے بعد مختلف علاقوں میں سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر تہران میں فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، تاہم حملوں سے ہونے والے ممکنہ جانی یا مالی نقصانات کے بارے میں تاحال کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔