مون سون بارشیں، پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا، متعدد مقامات پر سیلابی صورتحال

مون سون بارشیں، پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا، متعدد مقامات پر سیلابی صورتحال

مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے مون سون کے دوسرے اسپیل کے 24 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ اور قادرآباد کے مقامات پر نچلے درجے جبکہ خانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ دوسری جانب دریائے راوی، ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ تاحال معمول کے مطابق ہے، جبکہ نالہ بئیں میں بھی نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عمر عباس میلہ نے دریاؤں کے کناروں اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کر لیے ہیں، جبکہ فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرین کو خوراک، صاف پانی، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔