مون سون کی تباہ کاریوں پر وزیراعظم متحرک، سیف سٹی اور متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ

مون سون کی تباہ کاریوں پر وزیراعظم متحرک، سیف سٹی اور متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سیف سٹی اور مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو اداروں کو فوری امدادی اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے موقع پر موجود حکام کو سختی سے ہدایت دی کہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی ادارے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پوری طرح متحرک رہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سیف سٹی کنٹرول روم کا دورہ کر کے بارش سے متعلقہ نگرانی، ٹریفک اور ایمرجنسی رسپانس کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ شہر میں پانی نکاسی، امدادی کارروائیوں اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے۔ملک کے مختلف حصوں میں جاری شدید اور طوفانی بارشوں کے باعث اب تک جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں۔

پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے کئی علاقوں میں لوگ اپنے گھروں سے محروم ہو چکے ہیں جبکہ کئی مقامات پر ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔رواں سال مون سون کے سیزن میں موسلا دھار بارشوں نے کئی شہروں میں نظامِ زندگی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ متعدد علاقوں میں نکاسی آب کی ناقص صورتحال، بجلی کی بندش اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر ریلیف آپریشن تیز کرنے، شیلٹرز، خوراک، طبی امداد اور دیگر ضروری سہولیات فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، تاکہ متاثرہ عوام کو بروقت ریلیف پہنچایا جا سکے۔