برطانوی وفد کی اسحاق ڈار سے ملاقات، سیلابی تباہ کاریوں پر تشویش کا اظہار

برطانوی وفد کی اسحاق ڈار سے ملاقات، سیلابی تباہ کاریوں پر تشویش کا اظہار

پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے برطانیہ میں لارڈ قربان حسین کی قیادت میں سابق ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسلر راجہ محمد اسلم خان اور برطانیہ کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے کونسلرز کے وفد سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے مسائل اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تاریخی و ثقافتی رشتے قائم ہیں اور برطانوی پارلیمان میں پاکستانی نژاد ارکان نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے میرپور ایئرپورٹ کے منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی تکمیل کے لیے متعلقہ ادارے باضابطہ کارروائی کے حتمی مراحل میں ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ اس منصوبے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) فنانسنگ ماڈل اپنایا جا سکتا ہے اور برطانیہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی کو اس میں سرمایہ کاری پر غور کرنا چاہیے۔ وفد نے اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں وفد نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور بھارت کی جانب سے فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں آزاد کشمیر اور پاکستان میں جانی و مالی نقصانات پر شدید تشویش ظاہر کی اور عالمی برادری سے اس معاملے پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔مزید برآں، وفد نے حریت رہنما یاسین ملک کی زندگی کو لاحق خطرات اور ان کے خلاف ممکنہ سزائے موت پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔وفد میں کونسلرز امجد علی، ظہور احمد، انوار ملک، ختیجہ ملک، زینب راجہ، لیاقت علی، امجد عباسی، ندیم خاور، ایم فیاض اور دیگر شامل تھے۔