اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا خیبر پختونخوا میں سیلابی تباہ کاریوں پر اظہار افسوس

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا خیبر پختونخوا میں سیلابی تباہ کاریوں پر اظہار افسوس

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ "کے پی میں طوفانی بارشوں سے جانی نقصان پر دل انتہائی رنجیدہ ہے، جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔ متاثرین کے کرب اور مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔"ایاز صادق نے مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کی فوری اور بھرپور مدد پر زور دیا اور کہا کہ عوام بالخصوص نوجوان امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر مرہم رکھا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ مشکل وقت میں خیبر پختونخوا کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اسپیکر نے کہا کہ "خیبر پختونخوا میں سیلابی صورتِ حال پوری قوم کے لیے امتحان ہے، سب مل کر اپنے بھائیوں کی مدد کریں تاکہ وہ اس کڑے وقت سے نکل سکیں۔"واضح رہے کہ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بارش اور سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 321 تک جا پہنچی ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔