مون سون بارشیں، لاہور میں ہائی الرٹ، متعلقہ اداروں کو فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایت

مون سون بارشیں، لاہور میں ہائی الرٹ، متعلقہ اداروں کو فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایت

مون سون بارشوں کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ لاہور نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کی ہدایت پر واسا، ریسکیو اور دیگر امدادی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران برقی آلات، بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے محفوظ فاصلہ رکھیں، جبکہ زیرِ تعمیر سائٹس پر فوری طور پر حفاظتی اقدامات مکمل کیے جائیں۔انہوں نے واسا کو شہر کے نکاسیٔ آب کے نظام کو 100 فیصد فعال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی بروقت نکاسی کے لیے ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ہے اور تمام حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران انڈر پاسز، نشیبی علاقوں اور زیرِ آب سڑکوں پر غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں۔