ملک بھر میں بارشوں کی پیش گوئی، مون سون کا نیا سسٹم 27 اگست سے متحرک ہوگا

ملک بھر میں بارشوں کی پیش گوئی، مون سون کا نیا سسٹم 27 اگست سے متحرک ہوگا

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جس کے باعث آج سے 27 اگست کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، کوہاٹ، پشاور سمیت خیبرپختونخوا اور کشمیر کے کئی علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔اسی طرح محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 27 سے 29 اگست کے دوران سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔ کراچی میں بھی اس دوران کہیں ہلکی بارش اور کہیں بوندا باندی متوقع ہے، جبکہ مون سون کا نیا سسٹم 27 اگست سے شہر پر اثرانداز ہوگا۔

ادھر آج شام یا رات سے مٹھی، تھرپارکر، عمرکوٹ اور میرپورخاص میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔مزید برآں محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کو بھی مدنظر رکھا جائے۔