1350 ٹریفک حادثات، 1595 افراد متاثر

657 زخمیوں کو ہسپتال منتقل، 936 کو موقع پر طبی امداد دی گئی، زیادہ تر نوجوان متاثر ہوئے
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1350 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 657 افراد شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 936 معمولی زخمیوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (76 فیصد) موٹرسائیکل حادثات کی ہے، اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھا  جائے۔ ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 850 ڈرائیور، 76 کم عمر ڈرائیور، 596 مسافر اور 149 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 241 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں، جن میں صوبائی دارالحکومت 312 متاثرین کے ساتھ پہلے، ملتان 95 حادثات میں 98 متاثرین کے ساتھ دوسرے، فیصل آباد 81 حادثات میں 104 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل 1595 متاثرین میں 1266 مرد اور 329 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والوں میں 274 افراد کی اوسط عمر 18 سال سے کم، 892 افراد کی اوسط عمر 18 سے 40 سال کے درمیان، جبکہ 429 زخمی افراد کی اوسط عمر 40 سال سے زائد ہے۔ ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1327 موٹرسائیکلیں، 91 آٹو رکشے، 124 کاریں، 30 وین، 12 مسافر بسیں، 28 ٹرک اور 125 دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں