حادثات میں سب سے زیادہ اموات ، وجوہات کا پتہ لگانے ،روک تھام کیلئے ایکسیڈینٹ اینالسز یونٹ بنانے کا فیصلہ
لاہور (کرائم رپورٹر) پاکستان میں ہرسال 35 ہزار افراد ٹریفک حادثات کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔بڑھتی آبادی کے ساتھ ساتھ ٹریفک حادثات میں اضافے، ان کی وجوہات اور سدباب سے آگاہی کیلئے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں روڈ سیفٹی پر سیمینار ہواجس میں سی ٹی او عمارہ اطہر،ایکسیڈنٹ انویسٹی گیٹر ڈاکٹر عمر قریشی نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔ڈاکٹر عمر نے حادثات، ان کی وجوہات اور سدباب بارے بریفنگ دی۔ا نہوں نے بتایا دہشت گردی اور طبعی اموات سے بھی زیادہ اموات ٹریفک حادثات میں ہورہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کورونا کے 2 سال میں 28612 جبکہ ٹریفک حادثات میں 70 ہزار افراد جاں بحق ہوئے۔ سی ٹی او عمارہ نے کہا 80 سے 90 فیصد حادثات ڈرائیورز کی غفلت، لاپرواہی سے رونما ہوتے ہیں، رواں سال ہیلمٹ، ون وے اور لین لائن پر سختی سے 104 قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا گیا۔ عمارہ اطہر نے مزید واضح کیا حادثات قسمت میں نہیں بلکہ سڑکوں پر ہمارے غیر ذمہ دارانہ رویوں کی وجہ سے رونما ہورہے ہیں، اس موقع پر انہوں نے ایکسیڈینٹ اینالسز یونٹ بنانے کا فیصلہ کیا ،یونٹ کے قیام کا مقصد ٹریفک حادثات اور ان کی وجوہات کا پتہ لگانا ہوگا، مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام کیلئے حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔