لاہور(کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1227 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 600 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 826 معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (77 فیصد) موٹر سائیکل حادثات کی ہے، اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 794 ڈرائیورز، 49 کم عمر ڈرائیور، 513 مسافر اور 132 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 255 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں، جس میں صوبائی دارالحکومت 314 متاثرین کے ساتھ پہلے، گوجرانوالہ 86 حادثات میں 88 متاثرین کے ساتھ دوسرے، فیصل آباد 84 حادثات میں 102 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل 1439 متاثرین میں 1186 مرد اور 253 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والوں میں 237 افراد کی اوسط عمر 18 سال سے کم، 794 افراد کی اوسط عمر 18 سے 40 سال کے درمیان، جبکہ 408 زخمی افراد کی اوسط عمر 40 سال سے زائد ہے۔ ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1180 موٹرسائیکلز، 63 آٹورکشے، 115 کاریں، 13 وین، 16 مسافر بسیں، 24 ٹرک اور 120 دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔