پنجاب :1435 ٹریفک حادثات، 1644 افراد متاثر

 لاہور(کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1435 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 722 افراد شدید زخمی ہو کر ہسپتال منتقل کیے گئے جبکہ 908 معمولی زخمیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق 75 فیصد حادثات موٹرسائیکلز کے تھے۔ اعداد و شمار کے مطابق ان حادثات میں 949 ڈرائیورز، 59 کم عمر ڈرائیور، 532 مسافر اور 163 پیدل چلنے والے متاثر ہوئے۔ لاہور میں سب سے زیادہ 255 حادثات ریکارڈ ہوئے جن میں 297 افراد متاثر ہوئے، فیصل آباد 107 حادثات اور 113 متاثرین کے ساتھ دوسرے جبکہ ملتان 95 حادثات اور 105 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ زخمیوں میں 1333 مرد اور 311 خواتین شامل ہیں جن میں 277 کی عمر 18 سال سے کم، 909 کی عمر 18 سے 40 سال اور 458 کی عمر 40 سال سے زائد ہے۔ حادثات میں 1463 موٹرسائیکلز، 111 رکشے، 140 کاریں، 24 وین، 13 مسافر بسیں، 37 ٹرک اور 158 دیگر گاڑیاں شامل تھیں۔