دیامر کلاؤڈ برسٹ: سیلابی ریلے میں لودھراں کے ڈاکٹر میاں بیوی جاں بحق، بچہ لاپتہ

دیامر کلاؤڈ برسٹ: سیلابی ریلے میں لودھراں کے ڈاکٹر میاں بیوی جاں بحق، بچہ لاپتہ

دیامر میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ کے باعث پیدا ہونے والی ہولناک سیلابی صورتحال نے لودھراں سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کو شدید متاثر کیا، جہاں میاں بیوی جاں بحق ہوگئے، ان کا تین سالہ بیٹا تاحال لاپتہ ہے جبکہ جاں بحق ڈاکٹر کا والد زخمی حالت میں مل گیا۔

فیملی ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان سیر و تفریح کے لیے گلگت بلتستان گیا تھا، جہاں ان کے 17 افراد پر مشتمل قافلہ اسکردو سے واپسی کے دوران دیامر کے مقام پر سیلابی ریلے کی زد میں آ گیا۔ حادثے میں خاندان کے دیگر افراد محفوظ رہے ہیں۔ حکام کے مطابق موسم بہتر ہونے پر جاں بحق افراد کی میتیں اور اہل خانہ کو لودھراں منتقل کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر دیامر عطاء الرحمان کے مطابق کلاؤڈ برسٹ سے دیامر کے 15 مقامات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ بابوسر کے قریب تھک کے مقام پر شدید بارش کے بعد کلاؤڈ برسٹ ہوا جس کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ سے سڑک بند ہو گئی۔ بابوسر روڈ کا 7 سے 8 کلومیٹر حصہ مکمل تباہ ہو چکا ہے اور 10 سے 15 گاڑیاں سیلابی ریلے کی نذر ہو گئیں۔چلاس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی نے بتایا کہ اب تک 3 سیاحوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ ایک معمر زخمی شخص کو شدید زخمی حالت میں بچا لیا گیا ہے۔ ریسکیو اور ریلیف کارروائیاں جاری ہیں، تاہم خراب موسم اور تباہ حال سڑکوں کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔