خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل سلارزئی میں شدید بارشوں کے دوران آسمانی بجلی اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث آنے والے سیلابی ریلے میں 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، جبکہ 17 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
واقعے میں کئی گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔ریسکیو حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر امجد خان کی نگرانی میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ متاثرہ علاقے میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے اور راستے بند ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ مقامی آبادی بھی اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہے۔ادھر لوئر دیر کے علاقے سوری پاؤ میں مسلسل بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ زخمیوں کو تیمرگرہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔علاقے میں بارش اور طغیانی کے باعث دریا پنجکوڑہ سمیت ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں اور اوڈیگرام رابطہ پل شدید متاثر ہوا، جس سے ٹریفک معطل ہوگئی۔ سیلابی پانی میں پھنسے 25 سیاحوں کو ریسکیو ٹیموں نے رات گئے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔