گلگت میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہی، سندھ و بلوچستان میں بھی سیلابی صورتحال شدت اختیار کرگئی

گلگت میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہی، سندھ و بلوچستان میں بھی سیلابی صورتحال شدت اختیار کرگئی

گلگت کے مضافاتی علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ (بادل پھٹنے) کے نتیجے میں شدید تباہی مچ گئی ہے، جہاں موسلا دھار بارش کے بعد آنے والے سیلاب نے زرعی اراضی، گھروں اور مویشی خانوں کو بری طرح متاثر کیا۔

ہزاروں کنال اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں جبکہ متعدد مکانات اور جانوروں کے باڑے بھی پانی کی زد میں آ گئے۔ سیلابی پانی کے باعث گلگت غذر شاہراہ پر ٹریفک معطل ہو گئی ہے، جس سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں آئندہ چند روز تک موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے، کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش اور آندھی بھی متوقع ہے۔

بلوچستان میں بارشیں اور ندی نالوں میں طغیانی
بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں بھی شدید بارشوں نے صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے۔ دریائے ناڑی اور لہڑی ندی میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ کوہِ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی دیکھی گئی ہے۔محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے قریبی آبادیوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

سندھ میں خطرے کی گھنٹی
دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے اور نچلے درجے کے سیلاب کی کیفیت پیدا ہو چکی ہے۔ مختلف شہروں میں بارش کے بعد جل تھل ہو گیا ہے اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں۔

نیا مون سون اسپیل متوقع
محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کا نیا سپیل داخل ہوگا جس سے بارشوں میں مزید شدت آنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کو ہدایات
متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں اور شہریوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کرنے کے انتظامات مکمل رکھیں۔