چترال میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی صورتحال، متعدد علاقے متاثر

چترال میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی صورتحال، متعدد علاقے متاثر

لوئر چترال: ضلع لوئر چترال کے علاقے سین کوڑوم میں گزشتہ رات کلاؤڈ برسٹ کے بعد اچانک آنے والے سیلابی ریلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔

مقامی ذرائع کے مطابق شدید بارش کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے درجن سے زائد مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے جبکہ متعدد گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ خوش قسمتی سے اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم مالی نقصانات انتہائی زیادہ بتائے جا رہے ہیں۔گزشتہ رات ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث چترال کے دیگر علاقوں میں بھی صورتحال خراب رہی۔ سیلابی ریلوں نے رہائشی مکانات، باغات، کھڑی فصلوں اور دکانوں کو شدید نقصان پہنچایا، جبکہ دو مساجد بھی متاثر ہو کر شہید ہو گئیں۔متاثرہ علاقے کے شہریوں کے مطابق سیلابی پانی اپنے ساتھ درجنوں مویشی بھی بہا لے گیا، جس سے مقامی آبادی کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اسی طرح آبنوشی اور آبپاشی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، جس کے باعث مکینوں کو پینے کے پانی اور زرعی ضروریات میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب بارش اور سیلابی ملبے کے باعث چترال–پشاور شاہراہ متعدد مقامات پر رات بھر ٹریفک کے لیے بند رہی، تاہم نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شاہراہ کو بحال کر دیا ہے، جس کے بعد ٹریفک کی روانی جزوی طور پر بحال ہو گئی ہے۔ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور مقامی رضاکار متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرین نے حکومت سے فوری ریلیف، امداد اور تباہ شدہ آبنوشی اسکیموں کی جلد بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے تخمینے اور بحالی کے اقدامات کا عمل شروع کر دیا ہے۔