چکوال میں ریکارڈ 423 ملی میٹر بارش اور کلاؤڈ برسٹ کے بعد فلڈ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ کئی علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق خان پور بازار میں پانی کی سطح 4 فٹ تک جا پہنچی ہے، جس سے درجنوں دکانیں متاثر ہوئیں۔ چوآسیدن شاہ میں واقع تاریخی کٹاس راج مندر میں بھی بارش کا پانی داخل ہو گیا، جس نے مقامی و مذہبی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ریسکیو ترجمان کے مطابق چوآسیدن شاہ سے گزرنے والا برساتی نالہ بپھر گیا، جس کا پانی نزدیکی آبادیوں میں داخل ہو گیا۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ضلع بھر میں قائم متعدد چھوٹے ڈیم اوور فلو ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں پانی سیلابی ریلوں کی صورت میں بہنے لگا۔
ایک چھوٹا ڈیم ٹوٹنے سے پانی قریبی آبادی میں داخل ہو گیا، جس سے مزید نقصان کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔حکام نے موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر دوسرے اضلاع سے ریسکیو ٹیمیں طلب کر لی ہیں۔ علاوہ ازیں تکیہ شاہ مراد میں پانی کے تیز بہاؤ سے خان پور ڈھوک ٹاہلیاں روڈ اکھڑ گیا، جو حال ہی میں تعمیر کیا گیا تھا۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔