لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے منشیات کے خلاف جاری مہم کو ایک "تاریخی اقدام" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس مہم سے پاکستان کی آنے والی نسلوں کا مستقبل روشن اور محفوظ نظر آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور بہت جلد اس لعنت کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ منشیات اب گلی محلوں سے ہوتی ہوئی تعلیمی اداروں — اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں — تک پہنچ چکی ہیں، جو نہایت افسوسناک اور خطرناک صورتحال ہے۔ اس لیے حکومت نے فوری اور مؤثر اقدامات کرتے ہوئے ایک بڑی اور منظم "کاؤنٹر نارکوٹکس فورس" تیار کی ہے، جو منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں کرے گی۔مریم نواز نے کہا کہ انتہائی کم وقت میں اس فورس کی تشکیل ایک بڑی کامیابی ہے، اور یہ فورس نہ صرف منشیات فروشوں کو انجام تک پہنچائے گی بلکہ معاشرے سے نشے کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کو جلد ہی ضلع کی سطح تک وسعت دی جائے گی تاکہ ہر علاقے میں اس کا اثر دکھائی دے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ فورس میں 600 آسامیوں کے لیے 12 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جو عوامی دلچسپی اور نوجوانوں کے جذبے کی غمازی کرتی ہیں۔انہوں نے فورس میں منتخب ہونے والے جوانوں کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ فورس نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان کے لیے فخر کا باعث بنے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ہر قیمت پر نوجوانوں کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی اور معاشرے سے نشے کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔