ممبئی میں بے رحم شخص نے پٹ بل کتا بچے پر چھوڑ دیا، ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس حرکت میں آ گئی

ممبئی میں بے رحم شخص نے پٹ بل کتا بچے پر چھوڑ دیا، ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس حرکت میں آ گئی

ممبئی: بھارت کے شہر ممبئی میں ایک سنگ دل شخص نے امریکی نسل کے خونخوار پٹ بل کتے کو جان بوجھ کر کمسن بچے پر چھوڑ دیا اور خود بے حسی سے ہنستا رہا۔

 اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس نے ہر دیکھنے والے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا اور ملک بھر میں شدید عوامی غم و غصے کو جنم دیا۔واقعہ ممبئی کے ایک علاقے میں پیش آیا، جہاں 11 سالہ بچہ حمزہ ایک رکشے میں کھیل رہا تھا۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ پٹ بل کتا رکشے کے اندر موجود بچے کے بالکل قریب آ کر کھڑا ہو جاتا ہے جبکہ کتے کا مالک سامنے سیٹ پر بیٹھا مسکرا رہا ہوتا ہے۔چند لمحوں بعد پٹ بل کتا اچانک حملہ آور ہو جاتا ہے اور بچے پر مسلسل حملے کرتا ہے۔ ویڈیو میں بچے کی چیخ و پکار اور بچنے کی ناکام کوششیں دل دہلا دینے والی ہیں۔ بچہ بمشکل جان بچا کر رکشے سے باہر نکلتا ہے لیکن کتا پیچھے دوڑتا ہے، اس کے کپڑے پھاڑتا ہے اور بچے پر مزید حملہ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔اس دوران کتے کا مالک مکمل طور پر غیر سنجیدہ اور ظالمانہ رویہ اپنائے ہوئے نظر آتا ہے، جو بجائے بچے کو بچانے کے، مسلسل ہنستا رہا۔حمزہ نے بیان دیا کہ وہ مسلسل مدد کے لیے پکارتا رہا لیکن آس پاس موجود لوگ صرف ویڈیو بناتے رہے اور کسی نے بھی کتے کو روکنے کی ہمت نہیں کی۔

 متاثرہ بچے کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ یہ حملہ سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا گیا۔ ان کے مطابق ملزم نے پارک کیے گئے رکشے میں بیٹھے بچے کو نشانہ بنایا اور پٹ بل کو جان بوجھ کر اس پر چھوڑا۔سوشل میڈیا پر ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد عوامی دباؤ بڑھا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کتے کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے پٹ بل کتے کو بھی تحویل میں لے لیا ہے، اور واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔یہ واقعہ نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں پالتو جانوروں کے غیر ذمہ دار مالکان اور ان کے خطرناک رویوں پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ عوامی سطح پر مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے سخت قوانین بنائے جائیں اور قصوروار افراد کو عبرتناک سزائیں دی جائیں۔
 

 
Ask ChatGPT