میکسیکو سٹی میں صدر کلاڈیا شین بام کے ساتھ ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، جب ایک شخص نے ان سے ملاقات کے دوران ان کے ساتھ قابلِ اعتراض انداز میں چھونے اور گردن پر بوسہ دینے کی کوشش کی۔
یہ واقعہ منگل کے روز صدارتی محل کے قریب اس وقت پیش آیا جب صدر اپنی حامیوں سے ملاقات کر رہی تھیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص ان کے قریب آ کر ان کے کندھے پر بازو رکھتا ہے اور ان کی کمر و سینے کو چھونے کی کوشش کرتا ہے، ساتھ ہی بوسہ دینے کا بھی ارادہ ظاہر کرتا ہے۔فوراً ہی سیکیورٹی اہلکار حرکت میں آئے اور اس شخص کو پیچھے ہٹایا۔ رپورٹس کے مطابق، وہ شخص منشیات یا شراب کے زیر اثر تھا۔ صدر شین بام نے اس واقعہ کے دوران تحمل کا مظاہرہ کیا، اس شخص سے مہذب انداز میں بات چیت کی، اس کی تصویر کھنچوانے پر رضامندی ظاہر کی اور جاتے ہوئے اس کی پشت تھپتھپائی۔
اس واقعہ کے بعد، وزارتِ خواتین اور دیگر سرکاری حکام نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔ وزیر ستلالی ہرنانڈیز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ "ہم صدر کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ "ایسے مردانہ رویے، جو خواتین کی ذاتی جگہ پر ناپسندیدہ مداخلت کو معمول بناتے ہیں، ان کا خاتمہ ضروری ہے۔"یہ واقعہ میکسیکو میں خواتین کے خلاف ہراسانی کے بڑھتے ہوئے مسئلے کو اجاگر کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کی خواتین سے متعلق ایجنسی (یو این ویمن) کے مطابق، میکسیکو میں 15 سال یا اس سے زائد عمر کی 70 فیصد خواتین اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار جنسی ہراسانی کا سامنا کر چکی ہیں۔