کنویں میں غیر معمولی حرکت: شیطانی طاقتوں کا اثر یا قدرتی وجوہات؟ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی سچائی جانیں

کنویں میں غیر معمولی حرکت: شیطانی طاقتوں کا اثر یا قدرتی وجوہات؟ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی سچائی جانیں

بھارت کے ضلع موربی کے گاؤں ویرپارڈا میں حال ہی میں تعمیر شدہ کنویں میں پانی کی غیر معمولی حرکت نے مقامی لوگوں اور سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔

کنویں میں کئی دن تک پانی میں اتار چڑھاؤ اور لہریں دیکھنے کو ملی ہیں، جس کے باعث بعض افراد نے اسے زلزلہ یا مافوق الفطرت طاقت سے منسوب کیا۔ تاہم، ضلعی انتظامیہ اور سائنسدانوں نے صورتحال کی وضاحت فراہم کی ہے۔رپورٹس کے مطابق، یہ کنواں حال ہی میں مکمل بھرنے کے بعد پانی میں اچانک غیر معمولی حرکت شروع ہوئی، جو اتوار اور پیر کو جاری رہی، پھر منگل کو معمول پر آ گئی۔ بدھ کی شام دوبارہ اسی طرح کی حرکت دیکھنے میں آئی، جس کے بعد آس پاس کے دیہات سے لوگ کنواں دیکھنے کے لیے جمع ہو گئے۔مقامی افراد میں مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں، جن میں سے بعض نے اسے زلزلہ یا کسی مافوق الفطرت طاقت سے منسوب کیا۔ تاہم، ضلعی انتظامیہ اور سائنسدانوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے بچیں اور سرکاری معلومات پر اعتماد کریں۔موربی کے ڈپٹی کمشنر سواپنل کھرے نے کہا کہ پانی کی یہ حرکت کسی زلزلہ یا خطرناک سرگرمی سے متعلق نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جیولوجی ٹیم نے موقع کا معائنہ کیا ہے اور ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ پانی میں اتار چڑھاؤ زیرِ زمین پھنس جانے والی ہوا (ایئر ٹریپ) کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ حالیہ شدید بارشوں کے سبب زیرِ زمین پانی کی سطح میں اضافے کا بھی اس صورتحال سے تعلق ہے۔جیولوجسٹ جگدیش ودھیر کے مطابق، علاقے میں کوئی زلزلہ یا فعال فالٹ لائن موجود نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کنواں سڑک کے کنارے واقع ہے جہاں ہوا کی آمدورفت زیادہ ہے، اور اسی وجہ سے پانی میں حرکت پیدا ہو سکتی ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف سیسمولوجیکل ریسرچ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے، جس نے کہا ہے کہ اس معاملے میں مزید تفصیلی معائنہ جاری ہے اور حتمی رپورٹ بعد میں فراہم کی جائے گی۔