ڈاکٹر دلہن کی شادی چھوڑ کر مریضوں کی جان بچانے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

ڈاکٹر دلہن کی شادی چھوڑ کر مریضوں کی جان بچانے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

بھارت کی ریاست کیرالا سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر شیریں سبیر نے اپنی شادی کے دوران فرض کی ادائیگی کرکے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، ڈاکٹر شیریں اپنی شادی کی تقریب میں دلہن کے روپ میں اسٹیج پر تھیں کہ اسی دوران کیٹرنگ ٹیم کی دو خواتین کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ ایک خاتون کو ناک سے خون بہنے لگا جبکہ دوسری کو چکر آنے اور نڈھال محسوس ہونے لگی۔اس موقع پر، ڈاکٹر شیریں نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنی شادی کی رسومات کو روک دیا اور دلہن کے لباس میں ہی مریض خواتین کے پاس پہنچ گئیں۔ انہوں نے فوری طور پر دونوں کا معائنہ کیا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ناک سے خون آنے والی خاتون کو ہدایت دی کہ وہ آگے جھک کر ناک کے نرم حصے کو 10 سے 15 منٹ تک دبائے رکھیں اور منہ سے سانس لیں۔ جبکہ چکر آنے والی خاتون کو لٹا کر اس کی ٹانگیں اوپر کرنے کا مشورہ دیا تاکہ خون کی روانی بہتر ہو سکے۔

ڈاکٹر شیریں اس وقت مقامی اسپتال میں ایمرجنسی میڈیسن میں ایم ڈی کر رہی ہیں۔ ان کی پیشہ ورانہ تربیت نے انہیں اس صورتحال میں پرسکون رہنے اور فوری مدد فراہم کرنے میں مدد دی۔یہ لمحہ ویڈیو میں ریکارڈ کیا گیا، جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جہاں صارفین نے ڈاکٹر دلہن کے جذبہ انسانیت اور فرض شناسی کو خوب سراہا۔ڈاکٹر شیریں کا کہنا تھا کہ شادی میں موجود لوگوں کو معلوم تھا کہ وہ ڈاکٹر ہیں، اسی لیے انہوں نے مدد کے لیے فوری اقدام کیا اور اپنا فرض ادا کیا۔