ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورلڈ برین ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دماغی صحت کو جسمانی صحت کے برابر اہمیت دینا وقت کی ضرورت ہے کیونکہ صحت مند دماغ ہی مثبت سوچ اور تعمیری فیصلوں کی بنیاد رکھتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسانی دماغ خالق کائنات کی بے مثال تخلیق ہے جو کائنات کا سب سے پیچیدہ اور حیرت انگیز نظام بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دماغی صحت کو نظرانداز کرنا درحقیقت خود زندگی کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دماغی بیماریوں میں مبتلا افراد صرف جسمانی تکلیف کا ہی سامنا نہیں کرتے بلکہ انہیں معاشرتی بے حسی، لاپرواہی اور ذہنی اذیت کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب دماغی بیماریوں کی روک تھام، علاج اور عوامی شعور وآگاہی کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ برین ڈے ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ دماغی صحت کو بھی وہی توجہ درکار ہے جو ہم جسمانی صحت کو دیتے ہیں۔مریم نواز نے دماغی امراض کے شکار افراد سے ہمدردی، ان کی بحالی اور معاشرے میں ان کی شمولیت کو یقینی بنانے پر زور دیا اور کہا کہ پنجاب حکومت اس اہم مسئلے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور مستقبل میں بھی جامع حکمت عملی پر عمل جاری رکھے گی۔