انتہاپسندانہ تشدد کے انسداد کے عالمی دن پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک میں کسی بھی شدت پسندانہ سوچ کو پروان چڑھنے نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہر قسم کے تشدد، انتہاپسندانہ رویے اور دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، کیونکہ پاکستان نے ان کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
انتہاپسندی اور عدم برداشت کی حوصلہ شکنی کریں گے
مریم نواز نے کہا کہ ہم انتہاپسندی اور عدم برداشت کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کریں گے اور دہشتگردی کے خلاف متحد ہو کر جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت معاشرے میں امن، رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، تاکہ نوجوانوں کو انتہاپسندی کے بجائے تعلیم، ترقی اور مثبت سوچ کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
پرامن اور ترقی یافتہ پنجاب کی تشکیل
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب کی پالیسیوں کا بنیادی مقصد ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جو برداشت، محبت اور یکجہتی پر قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسا محفوظ، ترقی یافتہ اور پرامن پنجاب بنائیں گے، جو دنیا کے لیے برداشت اور امن کی مثال بنے گا۔