لاہور: مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن نے انہیں سرپرستی کی پیشکش کی ہے اور وہ ہر مثبت اور تعمیری کام میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ہمیشہ کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کی سرپرستی کی ہے، 16 سال تک پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر رہنے کے دوران کبڈی کو روایتی کھیل سے نکال کر عالمی سطح کا کھیل بنایا۔ ان کے دور میں کبڈی فیڈریشن نے وزیراعظم کپ اور سیف گیمز میں کامیابیاں حاصل کیں۔چوہدری شجاعت نے کہا کہ ان کے بڑے بیٹے چوہدری شافع حسین اس وقت کبڈی فیڈریشن کے صدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کو کھیل ہی رہنے دیا جائے تو نوجوان مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہوں گے، اور ہر شہری کو کھیلوں کی سرپرستی کرنی چاہیے۔
سربراہ مسلم لیگ ق نے مزید کہا کہ حکومت کو کرکٹ کے ساتھ ہاکی، فٹبال، والی بال، ٹینس اور دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے کو تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت، فوج اور عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔