ویب ڈیسک: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے پیشگوئی کی ہے کہ آج بھی صوبے کے بیشتر شہروں میں بادل برسنے کا امکان ہے، جبکہ لاہور سمیت دریاؤں کے بالائی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، بہاولپور، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت متعدد علاقوں میں تیز بارشیں متوقع ہیں۔ ادارے نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون کا موجودہ (چوتھا) اسپیل 25 جولائی تک جاری رہے گا، اور اس دوران نشیبی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ رہے گا۔صوبائی کنٹرول روم اور تمام ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں، خاص طور پر سیاحوں اور مسافروں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ موسم کی موجودہ صورت حال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاط برتیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز بارشوں اور آندھی کے باعث کچے یا مخدوش مکانات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم برسات میں حفاظتی اقدامات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اضلاع کو مشینری اور عملے کو ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ واسا اور میونسپل اداروں کو تاکید کی گئی ہے کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں۔