مون سون کا نیا اسپیل، ملک بھر میں تیز بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

مون سون کا نیا اسپیل، ملک بھر میں تیز بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے محکمہ موسمیات نے خوشخبری سناتے ہوئے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران کئی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 18 سے 25 جولائی کے دوران آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔گلگت بلتستان میں 19 سے 23 جولائی کے دوران جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 19 سے 24 جولائی تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، سوات، چترال، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، مالاکنڈ، پشاور، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں اور دیگر علاقوں میں کہیں کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔

پنجاب میں بھی بارشوں کی پیشگوئی

پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی مون سون بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، جھنگ، قصور، شیخوپورہ، نارووال، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، ساہیوال اور اوکاڑہ سمیت دیگر علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 19 سے 23 جولائی کے دوران لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ جیسے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔

سندھ اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کا امکان

سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، کشمور، شکارپور اور دیگر علاقوں میں 20 سے 24 جولائی کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کا خدشہ

حکام کے مطابق شدید بارشوں کے باعث دریاؤں اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ، مقامی ندی نالوں میں طغیانی جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل رکھیں۔شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، بجلی کے کھمبوں، تاروں، کمزور عمارتوں اور پانی جمع ہونے والے علاقوں سے دور رہا جائے۔کسانوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کریں، جبکہ سیاحوں کو پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔