دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح 8912 کیوسک ہو گئی‘سیلاب کا الرٹ جاری
اسلام آباد‘لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک‘آن لائن)اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید ، بارش کے باعث سیدپور ویلج میں برساتی نالے بپھر گئے اور سیدپور میں برساتی نالے میں گاڑیاں بھی بہنے لگیں۔برساتی نالوں کا پانی پلوں کے اوپر سے بہنے لگا، سیدپور ولیج میں ترقیاتی کام کے دوران دیوار گر گئی، دیوار گرنے سے گھروں کو بھی نقصان ہوا، نالہ بھپرنے کے باعث بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔این ڈی ایم اے نے آئندہ 12 گھنٹے کے دوران شدید بارش کا امکان ظاہر کردیا۔ دریں اثناء محکمہ آبپاشی کی رپورٹ کے مطابق دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح 8912 کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی اقدامات بھی شروع کر دیے گئے ہیں۔ماہرین نے بتایا کہ 8 ہزار کیوسک تک پانی کی سطح خطرناک نہیں ہوتی، تاہم مزید بارشوں یا بھارت سے پانی چھوڑے جانے کی صورت میں دریائے راوی میں سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر دریائے راوی کے اردگرد ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔