جہلم اور چکوال میں طوفانی بارش ،کلائوڈ برسٹ سے ندی نالوں میں طغیانی ‘ چھوٹا ڈیم ٹوٹ گیا ، ریلے میں پھنسے 40 افراد کو ہیلی کاپٹر سے ریسکیو کر لیا گیا
نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے الارم بجا دیئے گئے ،راولپنڈی میں ایک روزہ چھٹی‘پاک فوج کے جوانوں نے چھت پر پھنسی فیملی کو نکال لیا
راولپنڈی (آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ رات سے ہونے والی موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے الارم بجا دیئے گئے، اور قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی جبکہ راولپنڈی میں ایک روزہ چھٹی کا اعلان کردیا گیا ، جہلم اور چکوال میں بھی طوفانی بارش ہوئی ،کلائوڈ برسٹ سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ، شہریوں کی نقل مکانی جاری ہے اور سیلابی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ،ضلعی انتظامیہ نے سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے فوج سے مدد طلب کرلی ، ریلے میں پھنسے 40 افراد کو ہیلی کاپٹر سے ریسکیو کر لیا گیا،مختلف واقعات میں بچوں سمیت 7افراد جاںبحق ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق جڑواں شہروں میں گزشتہ رات سے 230 ملی میٹر سیزائد بارش ریکارڈ کی جا گئی جس کے باعث راولپنڈی اسلام آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ، راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کھبہ میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔راولپنڈی اسلام آباد میں نالوں کے بھرنے کے سبب متعدد راستوں پر ٹریفک کو مشکلات کا سامنا ہے، بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 20 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 19 فٹ ہو گئی جبکہ دریائے سواں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے سے پل زیر آب آ گیا۔ نالہ لئی کے اطراف میں خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے جبکہ ریسکیو ، واسا، سول ڈیفنس سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ نالہ لئی، کٹاریاں اور گوالمنڈی میں انخلا کی وارننگ جاری کر دی گئی ہیں، پانی کی سطح بلند ہونے سے قریبی آبادی کو خطرہ ہے، شہری احتیاطا محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔ترجمان نے بتایا ہے کہ ایم ڈی واسا نے ٹرپل ون بریگیڈ سے بھی رابطہ کیا ہے اور ایمرجنسی کی صورت میں پاک فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے بھی گریز کی ہدایت کی گئی ۔ موسمیاتی حالات کے پیش نظر ضلع راولپنڈی میں ایک دن کی چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے چھٹی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا جس میں عوام سے اپیل کی گئی ہے گھروں میں رہیں اور غیر ضروری گھروں سے نہ نکلیں۔راولپنڈی میں چکری روڈ گائوں لادیاں میں سیلاب میں ایک فیملی بچوں سمیت چھت پر پھنس گئی۔ریسکیو حکام کے مطابق چھت پر پھنسی فیملی کو نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر پہنچ گیا ۔ریسکیو 1122 کی جانب سے آپریشن کر کے 11 لوگوں کو ریسکیو کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر افراد کو ریسکیو کیا جارہاہے ۔مون سون کی طوفانی بارش نے جہلم اور چکوال میں تباہی مچا دی، درجنوں دیہات زیر آب گئے، ضلعی انتظامیہ نے سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے فوج سے مدد طلب کرلی ۔ریلے میں پھنسے 40 افراد کو ہیلی کاپٹر سے ریسکیو کر لیا گیا، شدید بارشوں کے باعث سیلابی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔چکوال میں موسلادھار بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور پانی اہم سرکاری عمارتوں اور گھروں میں داخل ہو گیا، مکان کی چھت گرنے سے بچے سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ چکوال کے علاقے چوآسیدن شاہ میں تاریخی کٹاس راج مندر پانی میں ڈوب گیا۔بارش کے باعث چھوٹا ڈیم ٹوٹ گیا جس سے پانی قریبی آبادی میں داخل ہوگیا