کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں اور نہ ہی کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت دی جا سکتی ہے، واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے:وزیراعظم کی وزیراعلی بلوچستان کو ہدایت
طب کے شعبے میں انقلاب لا رہے ہیں ، وزارت صحت میں ڈیجیٹیلائزیشن کا عمل قابل ستائش ہے ، جوا بدہی کے نظام کو بہتر بنانا ہو گا :طبی آلات کی لائسنسگ اور رجسٹریشن کیلئے ڈیجیٹیلائزیشن نظام کے افتتاح کی تقریب سے خطاب
اسلام آباد(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں خاتون اور مرد کے لرزہ خیز قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔وزیراعظم نے اس افسوسناک واقعے پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی ہدایت جاری کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔انہوں نے واضح کیا کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں اور نہ ہی کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام تر قانونی اقدامات بروئے کار لائے جائیں‘دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے طب کے شعبے میں انقلاب لا رہے ہیں ، وزارت صحت میں ڈیجٹلائزیشن کا عمل قابل ستائش ہے ، ہمیں جوا بدہی کے نظام کو بہتر بنانا ہو گا ، ملکی تقدیر بدلنے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ۔ وزیراعظم نے طبی آلات کی لائسنسگ اور رجسٹریشن کے لئے ڈیجیٹیلائزیشن نظام کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب میں وزیر اعظم نے ڈیجیٹیلائزیشن نظام متعارف کر انے پر وزیر صحت سمیت پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ وزارت صحت میں ڈیجیٹیلائزینشن کا عمل قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈریپ ہر چیز کو ڈریگ کر رہا تھا ۔ ڈریپ کو موجودہ مقام تک لانے کیلئے طویل جدوجہد کی گئی ہے ۔ ڈریپ میں قابل لوگ موجود تھے جنھیں نظر انداز کیا گیا ۔ ہم نے ڈریپ کے سی ای او کو میرٹ پر تعینات کیا۔ انہوں نے کہاکہ دوست ملک نے پاکستان کو ہسپتال گفٹ کیا وہ اب بند پڑا ہے ۔ وزیر صحت نے دوست ملک کے منصوبے کی بندش کا نوٹس لیا ۔ الحمدللہ کاوشوں سے دوست ملک کا منصوبہ فعال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طبی شعبے میں انقلاب لانا ہے یہ مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اعلی پنجاب طب کے شعبے کے لئے بیشمار کام کیا ۔ جدید ہسپتال اور لوگوں کو مفت ادویات کے منصوبے شروع کئے ۔ انہوں نے کہا کہ طبی شعبے میں ڈیجیٹیلائزیشن کے موجودہ نظام سے طبی آلات کی رجسٹریشن کا کام بیس دنوں میں مکمل ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جوابدہی کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ اگر ہم سب مل کر شبانہ روز محنت کریں گے تو ایک دن اقوام عالم میں سر اٹھا کر چلیں گے ۔ اتحاد، یکجہتی اور محنت سے ترقی کی لازوال منزل ضرور حاصل کریں گے ۔ ملکی تقدیر بدلنے کے لئے انتھک محنت اور لگن سے کام انتہائی ضروری ہے ۔