اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات شفاف انداز میں منعقد ہوئے اور مسلم لیگ (ن) حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت حاصل کر چکی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی کی 45 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) اب تک 23 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے، جس کے بعد جماعت حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 20 نشستوں پر پولنگ ہوئی، جن میں سے مسلم لیگ (ن) نے 13 نشستیں اپنے نام کیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی صرف 3 نشستوں پر کامیاب ہو سکی۔ ان کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کی چاروں نشستوں پر بھی مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کی۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ مہاجرین کے لیے مختص 12 نشستوں میں سے 10 پر مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی صرف دو نشستیں جیت سکی۔انہوں نے مزید بتایا کہ 10 تاریخ کو انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے فوری بعد مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا، جس میں حکومت سازی اور قائدِ ایوان کے انتخاب سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) اور قائد نواز شریف کے وژن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جس پر جماعت عوام کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں عوامی مینڈیٹ کی بنیاد پر جمہوری حکومت قائم ہوگی۔رانا ثنا اللہ نے یقین دہانی کرائی کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دے گی اور انتخابات کے دوران کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔