ملک کا موجودہ نظام بہترین، مسائل کی وجہ آئین پر عمل نہ ہونا ہے: رانا ثنا اللہ

ملک کا موجودہ نظام بہترین، مسائل کی وجہ آئین پر عمل نہ ہونا ہے: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک کا موجودہ پارلیمانی نظام بہترین ہے اور قومی مسائل کی اصل وجہ نظام نہیں بلکہ آئین پر مکمل عمل درآمد نہ ہونا ہے۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کی تشکیل حکومت کے ایجنڈے کا حصہ نہیں اور نہ ہی پارٹی کے کسی فورم پر اس حوالے سے کوئی فیصلہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمانی نظام ہی ملک کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے کافی ہے۔آزاد کشمیر کے انتخابات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انہیں شفاف قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) وہاں اپنی حکومت قائم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کے مثبت اثرات کی وجہ سے کشمیری عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابی عمل میں پروپیگنڈے کے ذریعے شریک ہوئی، تاہم تیسرے مرحلے کے بعد وہ انتخابی نتائج تسلیم کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ آئندہ مرحلے کی 10 نشستوں میں سے 7 پر مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ یہ معاملہ حکومت یا پارٹی کے ایجنڈے میں شامل نہیں۔ ان کے بقول 1973 کا آئین اور موجودہ پارلیمانی نظام گزشتہ پانچ دہائیوں سے ملک کو متحد رکھے ہوئے ہے۔رانا ثنا اللہ نے زور دیا کہ اگر آئین پر مکمل دیانت داری سے عمل کیا جائے تو موجودہ نظام ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔