پنجاب میں پہلی الیکٹرک پٹرولنگ گاڑی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے گرین پولیسنگ یونٹ کا افتتاح کر دیا

پنجاب میں پہلی الیکٹرک پٹرولنگ گاڑی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے گرین پولیسنگ یونٹ کا افتتاح کر دیا

ملک بھر میں پٹرولنگ کے لیے پہلی الیکٹرک گاڑی پنجاب کا اعزاز بن گئی، کیونکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پاکستان کی تاریخ کے پہلے گرین پولیسنگ یونٹ کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے گرین پولیسنگ یونٹ کی الیکٹرک پٹرولنگ گاڑی کا معائنہ کیا اور خود ڈرائیو کرتے ہوئے گاڑی کے جدید فیچرز کا جائزہ لیا۔ لاہور میں پہلی بی وائی ڈی (BYD) الیکٹرک گاڑی جدید ٹریفک پٹرولنگ کے لیے استعمال کی جائے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماحول دوست یہ الیکٹرک گاڑی ایک چارج پر 410 کلومیٹر تک چل سکتی ہے، جبکہ 30 سے 80 فیصد تک چارج تقریباً 30 منٹ میں مکمل ہو جاتا ہے۔ گاڑی میں جدید سرویلنس پی اے سسٹم، پولیس لائٹس، 360 ڈگری کیمرہ اور سپیڈ ڈیٹیکشن آلات نصب ہیں۔موجودہ روایتی پٹرولنگ گاڑیوں کے 103 یونٹس ماہانہ 28,000 لیٹر ایندھن استعمال کرتے ہیں، جس پر 7.42 ملین روپے خرچ ہوتے ہیں۔

الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے سالانہ فی گاڑی تقریباً 4,500 لیٹر ایندھن کی بچت ہوگی، آپریشنل لاگت میں کمی آئے گی اور زیرو کاربن اخراج ممکن ہوگا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ گرین پولیسنگ یونٹ کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد بتدریج بڑھائی جائے اور اسے مرحلہ وار دیگر اضلاع میں بھی نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال ایندھن کے اخراجات میں کمی، صاف ستھری فضا اور گڈ گورننس کے وژن کا عکاس ہے۔