لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر طلبہ کے لیے سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم فیز ٹو کا آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ سکیم کا آن لائن پورٹل بھی کھول دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق صرف دو روز میں 4 لاکھ 32 ہزار طلبہ نے سکیم کے لیے رجسٹریشن کرائی، جبکہ 2 لاکھ 65 ہزار طلبہ کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ اب تک ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد طلبہ اپنی درخواستیں جمع کرا چکے ہیں۔طلبہ 4 اکتوبر تک سی ایم الیکٹرک بائیک سکیم کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ سکیم کے لیے پنجاب کا ڈومیسائل یا شناختی کارڈ، ایچ ای سی سے منظور شدہ ڈگری کالج یا یونیورسٹی کا ریگولر طالب علم ہونا اور عمر کم از کم 18 سال ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق ایک خاندان سے صرف ایک طالب علم کو ای بائیک فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر طلبہ کے لیے ڈاؤن پیمنٹ مکمل طور پر معاف کردی گئی ہے، جبکہ حکومت پنجاب انٹرسٹ اور انشورنس کی ادائیگی بھی کرے گی۔
سی ایم الیکٹرک بائیک حاصل کرنے والے طلبہ کو صرف 3,028 روپے ماہانہ قسط ادا کرنا ہوگی۔ سکیم کے تحت ای بائیک کے ساتھ ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ مفت فراہم کیے جائیں گے، جبکہ طلبہ کو ای بائیک چلانے کی دو روزہ تربیت بھی دی جائے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد چھ ہفتوں کے اندر طلبہ کو ای بائیکس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔