وزیراعلیٰ مریم نواز آج راولپنڈی کا دورہ کریں گی، گرین بس سروس کے نئے روٹس سمیت متعدد منصوبوں کا افتتاح متوقع

وزیراعلیٰ مریم نواز آج راولپنڈی کا دورہ کریں گی، گرین بس سروس کے نئے روٹس سمیت متعدد منصوبوں کا افتتاح متوقع

راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف آج راولپنڈی کا دورہ کریں گی، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

 وزیراعلیٰ کے دورے کے پیش نظر سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ شہر میں ان کے استقبال کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ کے دورے کے پیش نظر مری روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اہم سڑکوں، چوک چوراہوں اور مختلف بازاروں میں استقبالیہ بینرز اور خیرمقدمی پینا فلیکس آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ کے ممکنہ روٹس پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ دورے کے دوران شہر کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔ذرائع کے مطابق سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی وزیراعلیٰ کے دورے کے انتظامات کی نگرانی کے لیے دو روز قبل ہی راولپنڈی پہنچ گئی تھیں۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں نے دورے کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔دورے کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف راولپنڈی میں شہری سہولیات کی بہتری اور عوامی ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے شروع کیے جانے والے مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گی۔ اس سلسلے میں گرین بس سروس کے چار نئے روٹس کا افتتاح بھی متوقع ہے، جس سے شہر کے مختلف علاقوں کے درمیان سفری سہولیات بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی کا دورہ بھی کریں گی، جہاں وہ طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کریں گی۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ میں معاونت فراہم کرنا ہے۔مریم نواز شریف اپنے دورے کے دوران کمرشل مارکیٹ اور راجہ بازار میں قائم ماڈل بازاروں کا بھی معائنہ کریں گی۔ اس موقع پر بازاروں میں فراہم کی جانے والی سہولیات، اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب راولپنڈی میں جاری اور مکمل ہونے والے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیں گی جبکہ متعلقہ حکام انہیں منصوبوں کی پیش رفت اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف آج شام سینیٹر چوہدری تنویر کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔