بھارت میں جائیداد کے حصول کے لیے متعدد شادیاں کرنے والی خاتون کو عدالت نے سزا سنا دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کی ایک ضلعی عدالت نے طلاق لیے بغیر پانچ شادیاں کرنے والی خاتون کو 2 سال قید بامشقت اور 2 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔یہ فیصلہ متاثرہ شوہر کی شکایت پر تھانہ شاہ جہاں آباد میں درج ایف آئی آر کی سماعت کے بعد سنایا گیا۔ ضلعی و سیشن جج میگھا اگروال نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے خاتون کو مختلف دفعات کے تحت مجرم قرار دیا۔درخواست گزار کے مطابق حسینہ نامی خاتون نے اس کے ساتھ دھوکے سے پانچویں شادی کی، جبکہ وہ پہلے ہی چار شادیاں کر چکی تھی اور اس حقیقت کو اس سے چھپائے رکھا گیا۔عدالتی کارروائی کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ مذکورہ خاتون غریب اور تنہا مردوں کو اپنا نشانہ بناتی تھی۔
شادی کے بعد وہ شوہروں کو ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنا کر ان کی جائیداد پر قبضے کی کوشش کرتی تھی۔عدالت نے قرار دیا کہ یہ جرم منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، اور پیش کیے گئے شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ اس دھوکہ دہی میں خاتون اکیلی نہیں تھی بلکہ اس کی بیٹیاں اور داماد بھی اس نیٹ ورک کا حصہ تھے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ طلاق کے بغیر بار بار شادی کرنا قانوناً جرم ہے اور اس طرح کے اقدامات سے معاشرے میں اعتماد کا رشتہ مجروح ہوتا ہے۔