بھارتی شہر لاجپت نگر میں 4 سالہ بچے کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے 35 سالہ بھیشم کھربندا اور اس کی 30 سالہ بیوی راگنی کھربندا کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت سامنے آیا جب بچے کی نانی، سدھا کشپ، نے متعلقہ حکام سے شکایت درج کروائی۔ جب بچے کے رشتہ دار گھر پہنچے تو برآمدے میں اس کی لاش پڑی ہوئی ملی۔پوسٹ مارٹم کے دوران بچے کے جسم پر کئی چوٹوں اور نیلے رنگ کے نشانات پائے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ بچے کے پیروں پر جلنے کے نشانات بھی موجود تھے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے بے دردی سے مارا گیا۔مزید تحقیقات کے مطابق بچے کی اصل ماں چند سال قبل بیماری کی وجہ سے انتقال کر چکی تھی۔
بچے کی نانی نے الزام لگایا کہ والد اور دوسری بیوی نے جائیداد کے لالچ میں بچے کو قتل کیا۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے دونوں ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے حراست میں لیا، اور مزید تفتیش جاری ہے تاکہ قتل کے محرکات اور دیگر ممکنہ ملزمان کا پتہ لگایا جا سکے۔یہ واقعہ بھارت میں بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے گھریلو جرائم کی ایک اور تشویشناک مثال کے طور پر سامنے آیا ہے۔