امریکا پاکستان کا اہم معاشی اور دفاعی شراکت دار ہے:محسن نقوی

امریکا پاکستان کا اہم معاشی اور دفاعی شراکت دار ہے:محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن میں امریکی کانگریس کے اراکین سے ملاقات کی۔

 اس ملاقات میں کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی اور کانگریس مین جیک برگمین سے باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں پاک امریکا تعلقات اور افغانستان کی موجودہ صورتحال شامل تھی۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کانگریس مین سوازی اور برگمین کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور اس دوران کہا کہ امریکہ پاکستان کا ایک انتہائی اہم معاشی و دفاعی شراکت دار ہے۔ انہوں نے امریکی تعاون کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان اس تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے، خصوصاً سماجی شعبے میں بہتری کے لئے۔ملاقات میں باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے بات کی گئی، اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔

 اس کے ساتھ ہی، 30 اپریل کو واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی کاکس کانفرنس منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔کانگریس مین تھامس سوازی نے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور جلد پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ملاقات میں امریکی کانگریس کے اراکین کے علاوہ پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے، جنہوں نے اس ملاقات میں اہم کردار ادا کیا۔