یورپی یونین کی خارجہ امور اور سیکیورٹی پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار کو قابلِ تعریف قرار دیا ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 8ویں اسٹریٹجک مذاکرات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کی ایک اہم طاقت اور یورپی یونین کا قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔کایا کالاس کے مطابق امریکا ایران تنازع کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، اس لیے مستقل جنگ بندی اور مذاکرات کا تسلسل ناگزیر ہے۔انہوں نے پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کشیدگی میں سفارتی کوششیں خطے کے استحکام کے لیے اہم ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھی یورپی یونین نے دونوں ممالک پر تحمل اور کشیدگی میں کمی پر زور دیا تھا تاکہ خطے میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔کایا کالاس نے پاکستان کے دورے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2026 میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مضبوط اور مستقبل بنیادوں پر استوار کرنا ان کی ترجیح ہے۔دورے کے دوران ان کی ملاقاتیں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور پر گفتگو کی جائے گی۔