وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانیہ کو پاکستان کا اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں پاک برطانیہ تعلقات، انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، بارڈر سکیورٹی اور انسانی سمگلنگ کے حوالے سے اشتراک کار بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو نشان امتیاز ملنے پر مبارکباد دی اور پاکستان میں حالیہ سیلاب اور بارشوں کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا، جبکہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے لیے دلی ہمدردی اور تعزیت بھی پیش کی۔محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے اور دہشت گردی کی ہر شکل کی پرزور مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ ترقی کے سفر میں پاکستان کا اہم شراکت دار ہے اور باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔