پاکستان اور چین اہم شراکت دار، تعلقات مزید مضبوط ہوں گے:چینی وزارت خارجہ

پاکستان اور چین اہم شراکت دار، تعلقات مزید مضبوط ہوں گے:چینی وزارت خارجہ

ویب ڈیسک: چینی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین نہ صرف مضبوط دوست ہیں بلکہ اہم شراکت دار بھی ہیں اور دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم رکھتے ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات مسلسل وسعت اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چینی وزیر خارجہ وانگ وی تین سال میں دوسری مرتبہ پاکستان کا دورہ کریں گے، جس کے دوران اسٹریٹجک روابط، علاقائی اور بین الاقوامی امور میں ہم آہنگی، اور عملی شراکت داری کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ترجمان نے مزید کہا کہ بیجنگ اس دورے کے ذریعے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کو مزید مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ گزشتہ سال جون میں وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کا سرکاری دورہ کیا تھا، جبکہ رواں سال فروری میں صدر پاکستان نے بھی بیجنگ کا دورہ کیا تھا۔ چینی صدر اور پاکستانی قیادت دونوں دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور مستقبل میں مزید مضبوطی کے لیے پرعزم ہیں۔ماہرین کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور تجارتی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گا، خاص طور پر بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (BRI) اور دیگر باہمی منصوبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے۔