کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ داؤدی بوہرہ برادری سندھ کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اس برادری نے نسلوں سے تجارت، صنعت اور فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے صوبے کی ترقی میں نمایاں حصہ ڈالا ہے۔
سندھ حکومت بوہرہ برادری کے سرمایہ، تجربے، مہارت اور عالمی کاروباری روابط سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔داؤدی بوہرہ بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی پاکستان کا تجارتی اور مالیاتی مرکز ہے، جبکہ صوبے میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے متعدد مواقع موجود ہیں۔ حکومت چاہتی ہے کہ ان مواقع کو بروئے کار لاکر صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے اور معیشت کو مضبوط بنایا جائے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں مینوفیکچرنگ، ٹیکسٹائل، ادویات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور قابل تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے خصوصی اقتصادی زونز دھابیجی، خیرپور اور بن قاسم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ صنعتی سرمایہ کاروں کے لیے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔ خصوصاً دھابیجی صنعتی زون، پورٹ قاسم سے رابطے کے باعث ایک اہم صنعتی اور معاشی مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت کی ترجیحات میں سرمایہ کاری کے ذریعے صنعتوں کا فروغ، پیداواری صلاحیت میں اضافہ، برآمدات کو وسعت دینا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا شامل ہے۔ حکومت کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاری کے تحفظ اور پالیسیوں میں تسلسل کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو منظوریوں سے لے کر کاروبار شروع کرنے تک سہولت فراہم کی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی کاروباری افراد اور عالمی سرمایہ کاروں کے مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ نجی شعبہ پائیدار معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، جبکہ ہر نئی سرمایہ کاری سے نہ صرف صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔مراد علی شاہ نے سندھ انٹرپرائز ڈویلپمنٹ فنڈ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس کے ذریعے چھوٹے کاروباروں اور خواتین کے زیرِ انتظام کاروباری منصوبوں کو معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے تجربہ کار کاروباری خاندانوں پر زور دیا کہ وہ نوجوان کاروباری افراد کی رہنمائی کریں اور انہیں جدید ٹیکنالوجی اور کاروباری مہارتیں منتقل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ صنعت، ٹرانسپورٹ، توانائی، زراعت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ بوہرہ برادری سندھ کو صرف کاروبار کرنے کی جگہ ہی نہیں بلکہ نئی نسل کے لیے کاروباری مواقع پیدا کرنے والی سرزمین کے طور پر بھی دیکھے۔انہوں نے بوہرہ کاروباری شخصیات کو سندھ کے صنعتی زونز میں سرمایہ کاری اور مقامی کاروباری افراد کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اہم ترجیح ہے۔