وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان مثبت بات چیت کی جائے گی۔
میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے، وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعمیری مذاکرات کی توقع ہے، اور اس کے ذریعے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے ریلیف کی تفصیلات ابھی تک میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کی جا سکتیں، کیونکہ وہ آئی ایم ایف کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی ان تفصیلات کو حتمی شکل دیں گے۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ معاشی استحکام کے لیے حکومت کی جانب سے اقدامات جاری ہیں اور کاروباری طبقے کی سہولت کے لیے فیصلے کیے جا رہے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ ایکسپورٹ کو بڑھانے کے لیے ہر سیکٹر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان کے پاس ایسی مصنوعات موجود ہیں جو عالمی سطح پر برانڈز بن سکتی ہیں، اور برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ایک پاکستانی وفد امریکا جائے گا اور امریکا کے ساتھ تعمیری بات چیت کی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے گجرانوالہ چیمبر کی جانب سے عالمی معیار کی مصنوعات کی نمائش کی تعریف بھی کی، اور کہا کہ حکومت صنعتی پیداوار اور ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہے۔