پاکستان جلد کمبوڈیا میں اپنا تجارتی سیکشن کھولے گا: وزیرتجارت

  ترقی پذیر ممالک کو باہمی تجارت کو فروغ دینا چاہیے، کمبوڈین چیئرمین سینیٹ ،جام کمال سے ملاقات میں گفتگو
 اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو ایک دوسرے کے فائدے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے اور باہمی تجارت کو فروغ دینا چاہیے، پاکستان جلد ہی کمبوڈیا میں اپنا تجارتی سیکشن کھولے گا تاکہ تجارتی تعلقات کو بڑھایا جا سکے اور کاروباری برادری کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے سرکاری دورہ کمبوڈیا کے دوران کمبوڈین سینیٹ کے چیئرمین ہن سین سے ملاقات میں کیا۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر تجارت جام کمال خان نے ملاقات کے دوران پاکستان میں کمبوڈین سفارت خانے کے قیام کی تجویز پیش کی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے اور تجارتی و ثقافتی تعلقات کو مستحکم کیا جا سکے۔وزیر تجارت نے چیئرمین ہن سین کو پہلے مشترکہ تجارتی کمیٹی اجلاس کے بارے میں آگاہ کیا اور انہیں پاکستان میں ہونے والے اگلے اجلاس میں کمبوڈین کاروباری برادری کے ساتھ شرکت کی دعوت دی۔چیئرمین ہن سین نے ترقی پذیر ممالک کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو ایک دوسرے کے فائدے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے اور باہمی تجارت کو فروغ دینا چاہیے۔