کوشش ہو گی بجٹ سے پہلے 10فیصد ریگولرڈیوٹی کو ختم کر دیاجائے : وزیرتجارت

وزیر اعظم نے برآمدات میں اضافے کیلئے برآمدی شعبوں کی مشکلات حل کرنے کی ہدایات دے رکھی ہیں‘ جام کمال خان
اسلام آباد/ لاہور (آن لائن) وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان سے پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ان کے دفتر میں تفصیلی ملاقات کر کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو درپیش مسائل خصوصا طورخم بارڈر کے راستے آنے والے جزوی تیار خام پر عائد 10فیصد ریگولر ڈیوٹی ،سیلز ٹیکس کو 25فیصد سے کم کر کے نا قابل واپسی 5فیصد کرنے اور شپمنٹ کی کلیئرنس میں غیر معمولی تاخیر کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ ملاقات کرنے والے وفد میں پی سی ایم ای اے کے پیٹرن انچیف عبد اللطیف ملک ،وائس چیئرمین ریاض احمد اور سینئر رہنما عثمان اشرف شامل تھے ۔وفاقی وزیر جام کمال خان نے پی سی ایم ای اے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی جانب سے پیش کی گئی گزارشات کی شنوائی اور ہاتھ سے بنے قالینوںکی صنعت کو فروغ دینے کے لیے مثبت پیشرفت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ بجٹ سے پہلے 10فیصد ریگولرڈیوٹی کو ختم کر دیاجائے جبکہ انہوںنے دیگر معاملات کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں حل کرنے کا بھی عندیہ دیا ۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے برآمدات میں اضافے کے لئے ہر طرح کے برآمدی شعبوں کی مشکلات کے حل کرنے اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دے رکھی ہیں ۔ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی پائیدار ترقی کے لئے تمام رکاوٹیں دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔