لاہور پولیس کے افسران و ملازمین ایک خاندان کی طرح ہیں:بلال صدیق
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس شہداء کے اہل ِ خانہ کی ویلفیئر کے لئے سرگرمِ عمل ہے۔ شہداء پیکج کے تحت2024ء سے اب تک 9شہدا ء کے خاندانوں کو12کروڑ 95لاکھ روپے مالیت کے مکانات دیئے گئے ہیں۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کی سکالر شپ کی مد میں 87خاندانوں میں 2کروڑ 14لاکھ 34ہزارروپے سے زائد تقسیم کئے گئے ہیں۔ جہیز فنڈ کی مد میں شہداء کے 11خاندانوں میں 38لاکھ20ہزار روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔جبکہ گزارہ الاؤنس کی مد میں 18خاندانوں میں 43لاکھ60ہزار روپے سے زائد تقسیم کئے گئے ہیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ شہدا ء ہمارا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے افسران و ملازمین ایک خاندان کی طرح ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شہدائے پولیس کے اہل ِ خانہ کی ویلفیئر کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہداء کے ورثا کو گھروں کی فراہمی، بچیوں کی شادی، بچوں کی معیاری تعلیم اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور پولیس کے ہر فرد اور ان کے خاندان کی فلاح و بہبود ہماری اہم ترجیح ہے۔