اسلام آباد : وفاقی ملازمین کااحتجاج جاری رکھنے کا اعلان

احتجاج کے باعث ریڈزون کے تمام راستے بند رکھے گئے‘ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی دارالحکومت میں سرکاری ملازمین کا احتجاج جمعہ کو بھی جاری رہا۔ احتجاج کے باعث ریڈزون میں آنے جانے کے تمام راستے بند رکھے گئے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ملازمین نے مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ ان کا مطالبہ ہے کہ وفاقی سرکاری اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں تفریق ختم کی جائے، صوبائی طرز پر تمام وفاقی ملازمین کی اپگریڈیشن بمہ مراعات کی جائے،لیو انکیشمنٹ اور وفاقی ملازمین کی پینشن اصلاحات واپس لی جائیں،بجٹ 2024-25 میں تنخواہوں پر نافذ کردہ ٹیکس واپس لیے جائیں،سکولوں و اداروں کی بندش و نجکاری کے بجائے بہتر اصلاحات کی جائیں، اداروں کی نجکاری کے دوران ملازمین کی نوکریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے، دورانِ ملازمت وفات پانے والوں کے بچوں کو بمطابق عدالتی فیصلہ ملازمت دی جائے،سرکاری ملازمین کا مطالبہ یہ بھی ہے کہ ظالمانہ پنشن اصلاحات کو فی الفور واپس لیا جائے۔