ہمارے ارکان اسمبلی سے پولیس کی زیادتیوں کا نوٹس نہیں لیا جارہا :ملک احمد بھچر
ایوان کے باہر بھی احتجاج ،فاطمہ صلاح الدین سیڑھیوں سے پھسل گئیں ،پاؤں زخمی
لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف نے ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کیا،ہاتھوں میں بینر اٹھائے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔دوران اجلاس وزیر زراعت پنجاب کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نے نعرہ بازی کی۔ ڈپٹی سپیکر ظہیر احمد چنڑ نے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو نعرے بازی سے روکتے ہوئے سیٹوں پر بیٹھنے کی ہدایت کی تو حزب اختلاف نے واک آؤٹ کردیا۔اپوزیشن لیڈر احمد خان بچھر نے کہاکہ 9 مئی 2023 سے 26 نومبر 2026 تک ہمارے ایم پی ایز کے ساتھ پولیس کے ذریعے جو زیادتیاں ہوئی ہیں اس پر تحریک استحقاق جمع کروائی گئی تھی، جس پر کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ، اس لئے ہم ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر نے وزیر قانون صہیب بھرتھ اور سمیع اللہ خان کو اپوزیشن ارکان کو منانے کیلئے بھیجا جو انہیں منا کر ایوان میں واپس لے آئے۔دوسری طرف گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کے بیرون ملک دورے سے واپسی کے بعد ملک محمد احمد خان نے سپیکر پنجاب اسمبلی کا عہدہ دوبارہ سنبھال لیا جبکہ ظہیر اقبال چنڑ نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کا چارج دوبارہ سنبھال لیا۔ حکومتی رکن صوبائی اسمبلی فاطمہ صلاح الدین اسمبلی سے واپسی پر سیڑھیوں سے پھسل گئیں اوران کاپاؤں زخمی ہوگیا،انہیں طبی امداد کیلئے گنگارام ہسپتال منتقل کردیا گیا۔