ضم کرنیکی تجاویز،فنی تعلیمی بورڈ ملازمین کااحتجاج کا اعلان

 خودمختاری برقرار رکھ کر ادارے کو مزید م ئوثر اور فعال بنایا جائے:ملازمین 
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے ملازمین نے ادارے کا نام تبدیل کرنے اور اسے دیگر اداروں میں ضم کرنے کی تجاویز کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ملازمین نے پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کا نام تبدیل کرکے ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ پنجاب رکھنے کی تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ادارے کا موجودہ نام اور حیثیت برقرار رکھی جائے۔ملازمین کا کہنا ہے کہ بورڈملک میں ٹیکنیکل تعلیم کے فروغ اور فنی تعلیم سے وابستہ لاکھوں طلبہ کے امتحانات کے انعقاد سمیت اہم ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے، پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ اور ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کیساتھ انضمام کی تجویز قبول نہیں۔ملازمین نے مطالبہ کیا کہ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کی موجودہ حیثیت اور خودمختاری برقرار رکھ کر ادارے کو ٹیکنیکل تعلیم کے فروغ کے لیے مزید م ئوثر اور فعال بنایا جائے، انتظامی و مالی معاملات میں غیر ضروری تبدیلیاں نہ کی جائیں۔ ملازمین نے حکومتی اقدام کیخلاف احتجاج کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رکھی جائے گی۔