معمول کے مطابق ملاقاتیں جاری ہیں‘ بانی پی ٹی آئی اسٹیبلیشمنٹ سے بات کرنا چاہتے ہیں، پاکستان سے دشمنی کرنے والے کو کون معافی دے گا
خط لکھنے سے ڈیل نہیں ہوگی‘نواز شریف اور مریم نواز پر بات کئے بغیر آج بھی تحریک فساد کی سیاست نامکمل ہے:وزیر اطلاعات پنجاب
لاہور (سپیشل رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے پنجاب حکومت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر کوئی پابندی نہیں لگائی، بانی پی ٹی آئی اسٹیبلیشمنٹ سے بات کرنا چاہتے ہیں، پاکستان سے دشمنی کرنے والے کو کون معافی دے گا،نواز شریف اور مریم نواز پر بات کیے بغیر آج بھی تحریک فساد کی سیاست نامکمل ہے۔عظمی بخاری نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی کی فیملی، ان کے وکلا اور پارٹی رہنما معمول کے مطابق ان سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ جیل کو تفریحی پارک سمجھتے ہیں جب دل چاہے جس کا دل چاہے منہ اٹھا کے پہنچ جائے، کوئی ضابطہ نا ہو، جب تحریک فساد کے پاس کوئی کارڈ نہیں بچتا تو مظلومیت کارڈ کھیلنا شروع کر دیتی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ خط لکھنے سے نہ ڈیل ملی ہے اور نہ ہی ملے گی، جن کو خط لکھے جا رہے ہیں انہی کے خلاف پروپیگنڈا مہم چلاتے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے 50 لوگوں نے لندن میں آرمی چیف کی آمد پر احتجاج کر کے غیر ملکی ایجنسیوں کا ایجنڈا پورا کیا ہے، جو جماعت اوورسیز پاکستانیوں کی حمایت کا دعوی کرتی انکی ہر کال کو اوورسیز نے مسترد کیا۔