تھیٹر پر پابندی نہیں لگائی‘ اصلاحات لا رہے ہیں: عظمیٰ بخاری

 تھیٹر کی مانیٹرنگ کی جائے گی ‘ اچھے رائٹرز کے ذریعے ڈراموں کے سکرپٹ کا جائزہ لیا جائے گا
سہیل احمد، وسیم عباس اور امان اللہ کے دور جیسا فیملی تھیٹر دوبارہ بحال ہونا چاہیے:پنجاب اسمبلی  میں گفتگو 
 لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پنجاب اسمبلی میں تھیٹر سے متعلق بل پر اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے  تھیٹر پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی جا رہی بلکہ اسے منظم اور اس کی اصل ثقافت کو بحال کیا جا رہا ہے۔ تھیٹر کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور اچھے رائٹرز کے ذریعے ڈراموں کے اسکرپٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ایوان میں گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ تھیٹر میں ہونے والی سرگرمیوں کا جائزہ لینا ضروری ہے کہ وہاں پیش کیا جانے والا مواد ہماری اخلاقیات اور معاشرتی اقدار کے مطابق ہے یا نہیں۔اْنہوں نے کہا کہ تھیٹر کو ایک مخصوص طبقے کے لیے مخصوص جگہ بنا دیا گیا ہے، وہ اپنے خاندان کے  ساتھ فیملی تھیٹر دیکھنا چاہتی ہیں، سہیل احمد، وسیم عباس اور امان اللہ کے دور جیسا فیملی تھیٹر دوبارہ بحال ہونا چاہیے۔وزیرِ اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ بڑے فنکار موجودہ تھیٹر کے ماحول میں کام کرنے کو تیار نہیں، حتیٰ کہ سہیل احمد نے اسٹیج تھیٹر کیوں چھوڑا اور خالد عباس جیسے فنکار واپس کیوں نہیں آنا چاہتے، اس پر بھی غور کرنا ہوگا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تھیٹر میں غیر اخلاقی پرفارمنس کے سامنے 11، 12 سال کا بچہ موجود تھا، جسے اس کے والدین نہیں بلکہ چچا تھیٹر لے کر  آئے تھے۔ ہمیں سوچنا ہوگا کہ بچے تھیٹر سے کیا سیکھ کر جا رہے ہیں، دنیا کے مختلف ممالک میں بھی تھیٹر فنکاروں کے لیے ڈریس کوڈ موجود ہیں۔اْن کا کہنا تھا کہ تھیٹر بل گزشتہ ڈیڑھ سال سے تمام متعلقہ افراد کو اعتماد میں لے کر تیار کیا گیا، پروڈیوسرز، اداکاروں اور اداکاراؤں  سے مشاورت کی گئی جبکہ فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی  اسمبلی میں موجود ہیں